اسلام آباد(نیوز ڈیسک)سعودی عرب کی حکومت نے یمن میں حوثی باغیوں اور سابق صدر علی عبداللہ صالح کی حامی ملیشیا کے خلاف جاری ”فیصلہ کن طوفان“ آپریشن میں شہید ہونے والے سپاہیوں کے اہل خانہ کو ایک ملین ریال کی امداد دینے کا اعلان کیا ہے۔العربیہ ڈاٹ نیٹ کے مطابق وزیر دفاع شہزادہ محمد بن سلمان نے ملک کے جنوبی سرحدی علاقے نجران میں حوثی عسکریت پسندوں کے ساتھ جھڑپ میں مارے جانے والے سارجنٹ احمد عمر الشہری، سپاہی خالد بن علی المجھلی اور ابراہیم العامری کے اہل خانہ کو ایک ایک ملین ریال کی رقم فوری ادا کرنے کا حکم دیا ہے۔وزیردفاع نے فوجی آپریشن میں ایک حادثے کے دوران شہید ہونے والے فوجیوں سیکنڈ سارجیٹ علی بن حمود الحمدی اور العریف مساوی علی الدیبی کے لواحقین کو بھی ایک ایک ملین ریال کی رقم ادا کرنے کا حکم دیا ہے۔وزیردفاع شہزادہ سلمان کا کہنا ہے کہ حکومت فوج کے شہداءاور زخمیوں کے اہل خانہ کی تمام ضروریات پوری کرے گی۔