لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک) لاہور ہائیکورٹ نے شریف خاندان کے علاوہ پانامہ لیکس میں شامل دیگر تمام افراد کے بھی احتساب کیلئے دائر انٹرا کورٹ اپیل ناقابل سماعت قرار دیتے ہوئے مستردکر دی۔گزشتہ روز لاہور ہائیکورٹ کی جسٹس عائشہ اے ملک نے کیس کی سماعت شروع کی تو درخواست گزار مقامی شہری محمد الیاس کی جانب سے موقف اختیار کیا گیا کہ پانامہ لیکس میں 300 سے زائد افراد کا
نام آیا ہے لیکن شریف خاندان کے علاوہ کسی کا احتساب نہیں کیا جا رہا۔ درخواست گزار کی جانب سے کہا گیا کہ صرف شریف خاندان کا احتساب ہونا اور باقی کو نظر انداز کرنا آئین اور قانون کی خلاف ورزی ہے، پانامہ لیکس میں شامل دیگر افراد کا بھی احتساب کیا جائے اور انکے نام ای سی ایل میں ڈالنے کا بھی حکم دیا جائے ۔فاضل عدالت نے دائر انٹرا کورٹ اپیل ناقابل سماعت قرار دیتے ہوئے مسترد کر دی۔