کوئٹہ (آئی این پی ) ڈرگ کورٹ کوئٹہ کے چیئرمین عبدالمجید ناصر ،گل عالم خان اور ارسلاء خان سلیمان خیل نے غیر معیاری ادویات سازی اور اس کی خرید وفروخت میں نامزد 4ادویہ ساز کمپنیوں کے حکام کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کردیے ہیں بلکہ امارات میڈیسن کے مالک کو اشتہاری قراردینے کے بھی احکامات دے دئیے گئے ہیں ،غیر معیاری ادویات کی خریدوفروخت کے مقدمات میں نامزد تین میڈیکل سٹور
مالکان کے بھی ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کئے گئے ہیں ۔گزشتہ روز ڈرگ کورٹ کوئٹہ کے روبرو غیر معیاری ادویات سازی کے مقدمہ میں نامزد ای فارما لیبارٹریز پرائیویٹ لمیٹڈ کراچی کے کیس کی سماعت ہوئی توعدالت نے سماعت کے موقع پر پیش نہ ہونے پر کمپنی کے چیف ایگزیکٹو احمد الیاس ،پروڈکشن انچارج ،محمدفاروق ،کوالٹی کنٹرول انچارج محمد اکرم اور وارنٹر اسدالیاس کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کردئیے عدالت نے سماعت کے موقع پر حاضر نہ ہونے پر ریڈیکس میٹروفارماسیوٹیکل کمپنی پرائیویٹ لمیٹڈ کے کوالیفائیڈ پرسن پرکاش لعل ،علی نو رانڈسٹریز اوکاڑہ کے ڈائریکٹر کارپوریٹ آفیرز ،ظہور الہیٰ ،کوالٹی کنٹرول انچارج عثمان رمضان اور ڈرگ فارما سیوٹیکل کمپنی پرائیویٹ لمیٹڈ کے منیجنگ پارٹنرز محمد شعیب ،گلشن بٹ،عبدالجبار اور طاہر نواز کے بھی ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کردئیے ہیں ،عدالت نے امارا ت میڈیسن کے سید محمدمدثر کو اشتہاری قرار دینے کے احکامات جاری کئے ،عدالت نے صادق میڈیکل سٹور کے محمد صادق ،عرفان میڈیکل سٹور کے اور عمران میڈکل سٹور کے محمد عمران کے بھی عدم پیشی کی بناء پر ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کرتے ہوئے متعلقہ پولیس کو ہدایت کی کہ وہ ملزمان کو گرفتار کرکے انہیں عدالت کے روبرو پیش ؎کرے ۔