ملتان(مانیٹرنگ ڈیسک)قندیل بلوچ قتل کیس میں گرفتار ملزم مفتی عبدالقوی کا پولی گرافک ٹیسٹ آج ہوگا جبکہ مفتی عبدالقوی سچ اور جھوٹ جانچنے کے سائنسی عمل سے بھی گزریں گے۔تفصیلات کے مطابق معروف ماڈل قندیل بلوچ قتل کیس میں ملوث ملزم مفتی عبدالقوی کو صبح سویرے ڈی ایس پی عبدالرحیم کی سربراہی میں
سخت سکیورٹی میں پولی گرافک ٹیسٹ کے لیے لاہور روانہ کرد یا گیا جب کہ پنجاب سائنس فرانزک ایجنسی نے مفتی عبدالقوی کے فرانزک ٹیسٹ کا وقت چار بجے سہ پہر کا دیا ہے۔اطلاعات کے مطابق مفتی عبدالقوی دوپہر بارہ بجے کے قریب لاہور پہنچ جائے گے،لاہور پہنچنے کے بعد مفتی عبد القوی کو دو سے تین گھنٹے آرام کرایا جائے گا تاکہ ٹیسٹ کے درست نتائج حاصل کیے جا سکے، اس کے علاوہ مفتی عبدالقوی آج سچ اور جھوٹ جانچنے کے سائنسی عمل سے گزریں گے، لاہور روانگی کےموقع پر مفتی عبد القوی کافی پر امید دکھائی دئیے۔واضح رہے کہ گزشتہ روز قندیل بلوچ قتل کیس میں نامزد ملزم مفتی عبدالقوی کو پولیس نے اسپتال سے تھانہ چہلیک منتقل کیا، ملزم مفتی عبدالقوی گرفتاری کے بعد دل کے عارضے میں مبتلا ہوگئے تھے جس کیوجہ سےانہیں کارڈیالوجی اسپتال منتقل کردیا گیا تھا، تاہم پانچ روز میں دو مرتبہ انجیو گرافی کے بعد انکی رپورٹس کو کلئیر قرار دےدیا گیاہے جس کے بعد پولیس نے عدالت سے مفتی عبدالقوی کا دوسری مرتبہ چار روزہ ریمانڈ حاصل کرلیا اور آج اسپتال سے ڈسچارج ہوتے ہی انہیں حراست میں لیکر تھانہ چہلیک منتقل کردیا گیا جہاں ان سے تفتیش کی جارہی ہے ۔