کراچی(مانیٹرنگ ڈیسک) پی ٹی سی ایل نے سال 2017 ء کے پہلے 9 ماہ میں 6 ارب 50 کروڑ روپے منافع حاصل کرلیا۔اس بات کا اعلان پی ٹی سی ایل کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کے منعقدہ ایک اجلاس میں کیا گیا جس میں سال 2017 ء کے پہلے نو ماہ کے مالیاتی کارکردگی کا جائزہ لیا گیا۔پی ٹی سی ایل نے سال 2017 ء کے
پہلے 9 ماہ کے دوران52 ارب 80 کروڑ روپے آمدنی حاصل کی جب کہ پی ٹی سی ایل کی فکسڈ براڈ بینڈ سروس کی شرح میں 6 فیصد اضافہ ہو گیا ہے تاہم پی ٹی سی ایل کی آمدنی نو ماہ میں گزشتہ برس کے مقابلے میں مجموعی طور پر 3 فیصد کم ہوئی ہے۔پی ٹی سی ایل کا بعد از ٹیکس منافع 6 ارب 50 کروڑ روپے ہے جو گزشتہ سال کی اسی مدت کے مقابلے میں 7 فیصد کم ہے، جس کی بنیادی وجہ مالیات میں کمی اور کم مالی آمدنی ہے۔پی ٹی سی ایل نے آخری سہ ماہی میں مزید ایکس چینجز کو کامیابی سے اپ گریڈ کیا ہے، چارجی / ایل ٹی ای سروسز آزاد جموں و کشمیر میں مسلسل ترقی کررہی ہے، جس کی خدمات کو اب خیبر پختون خوا اور بلوچستان تک توسیع دے دی گئی ہے۔