اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک) سٹیٹ بنک کے ذخائر کم رہ گئے۔ تفصیلات کے مطابق 3 ماہ کے درآمدی بل کی ادائیگی کے لیے سٹیٹ بینک کے ذخائر ناکافی ہیں، یہ ملکی معیشت کے لیے خطرے کی علامت ہے مگر حکمران ہیں کہ ہوش کے ناخن ہی نہیں لے رہے، اگست میں ملکی درآمدات 4 ارب 95 کروڑ ڈالر رہیں جب کہ اس کے مقابلے میں برآمدات ایک ارب 86 کروڑ رہیں۔ واضح رہے کہ سٹیٹ بنک کے
ذخائر 13 ارب 86 کروڑ ڈالر کی سطح پر آ چکے ہیں، یہ ذخائر ملک کی تین ماہ کی درآمدات سے بھی کم ہیں، ماہرین معاشیات کا کہناہے کہ اگر ترسیلات زر میں اضافہ اور درآمدات میں کمی کے ساتھ ساتھ برآمدات میں اضافہ نہ ہوا تو قرض و سود کی ادائیگی اور بڑھتے ہوئے تجارتی خسارے کی وجہ سے مستقبل میں زرمبادلہ کے ذخائر مزید تیزی سے گریں گے۔ مجموعی طورپر یہ صورتحال انتہائی تشویشناک ہے۔