اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)چیئرمین تحریک انصاف کا کہنا ہے کہ نواز شریف کے بچوں کو اربوں روپے کی جائیدادیں منتقل ہوئیں جو وہ چھپاتے رہے جن کی کوئی بینکنگ ٹرانزیکشنز جمع نہیں کرائی گئیں جبکہ میں باہر
کمائی کر کے پیسہ پاکستان لے کر آیا ، میرا تمام پیسہ بینکوں کے ذریعے پاکستان آیا، ساڑھے 6لاکھ ڈالر کی منی ٹریل تھی جس میں سے 5لاکھ ڈالر کی منی ٹریل سپریم کورٹ میں دے چکا ہوں، ملک کے سب سے بڑے مجرم سے میرا موازنہ کیا جا رہا ہے ۔ عمران خان نے وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے ا ن سے سوال کرتے ہوئے کہا کہ ن لیگ ، شاہد خاقان عباسی کی حکومت کا یہ کام رہ گیا ہے کہ ایک مجرم کو بچاتی رہے۔ کیا جمہوریت میں ایسا قانون بنایا جاتا ہے کہ ایک نا اہل شخص پارٹی سربراہ ہو۔ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کپتان کا کہنا تھا کہ شریف خاندان منی ٹریل دینے میں ناکام رہا، مجرموں کو بچانے کیلئے اداروں کو تباہ کیا جا رہا ہے۔ کرپشن بچانے کیلئے اداروں سے ٹکرائو کیلئے جارہے ہیں۔ چوری بچانے کیلئے قانون بدلا جا رہا ہے جبکہ اس وقت شفاف الیکشن کے سوا پاکستان کے پاس کوئی آپشن موجود نہیں۔