اسلام آباد(نیوز ڈیسک)یمن کے سابق صدر علی عبداللہ صالح پر اپنے ملک کی زمین اب تنگ ہوچکی ہے اور وہ خلیجی ممالک سے اپنی اور پورے خاندان کے لیے امن کی بھیک مانگنے پر مجبور ہوگئے ہیں۔ایک خلیجی ملک کے سرکردہ عہدیدار نے”العربیہ“ نیوز چینل کو بتایا کہ حال ہی میں علی عبداللہ صالح نے اپنا ایک ایلچی خلیجی ملکوں میں بھیجا ہے جس کے توسط سے انہوں نے اپنے اور پورے خاندان کے یمن سے بہ حفاظت باہر نکالنے کی درخواست کی ہے۔خلیجی ذرائع کا کہنا ہے کہ علی صالح کے خصوصی ایلچی نے متعدد خلیجی ملکوں کا دورہ کیا ہے۔ ذرائع کے مطابق خلیجی ملکوں کی جانب سے علی صالح کے ایلچی ابوبکر القربی کے مشن کو ناممکن قرار دیتے ہوئے سابق صدر کا حوثیوں سے اتحاد اور پھر ان سے علاحدگی کے اعلان کو ان کے سیاسی اور اخلاقی افلاس کا ثبوت قرار دیا ہے۔ خلیجی ممالک نے علی صالح کے ایلچی کو صاف جواب دیا ہے کہ فی الحال وہ ایسی کسی درخواست پرغور نہیں کرسکتے۔