اسلام آباد(نیوز ڈیسک)سفید فارم پولیس اہلکاروں کے ہاتھوں سیاہ فام افراد کی بڑھتی ہوئی ہلاکتوں کے خلاف نیویارک میں مظاہرہ کیا گیا۔ نیویارک کے یونین اسکوائر میں سینکڑوں مظاہرین نے پولیس کے ہاتھوں بے گناہ افراد کی بڑھتی ہوئی ہلاکتوں کے خلاف مظاہرہ کیا، مظاہرین نے ہاتھوں میں پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے، جن پر لکھا تھا کہ پولیس کو قتل سے روکا جائے اور سیاہ فام افراد کی زندگی بھی اہمیت رکھتی ہے۔ مظاہرین بعد میں مین ہٹن، بروکلین پل سمیت شہر کی سڑکوں پ نکل آئے، جس سے شدید ٹریفک جام ہو گیا۔ بعض مظاہرین کو گرفتار بھی کیا گیا۔ مظاہرے کا اہتمام کرنے والی تنظیم کا کہنا ہے کہ نیویارک کے علاوہ امریکا کے دو درجن سے زائد دیگر شہروں میں بھی مظاہرے کیے جائیں گے، جن میں لاس انجیلس، شکاگو بھی شامل ہیں۔ گزشتہ ہفتے جنوبی کیرولائنا میں ایک پولیس اہلکار کی فائرنگ سے سیاہ فام شخص والٹراسکاٹ ہلاک ہو گیا تھا۔۔وڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ گرفتاری کے ڈر سے بھاگنے والے شخص کو پولیس اہل کار نے فائرنگ کر کے مار ڈالا۔والٹراسکاٹ کی ہلاکت کی ویڈیومنظرعام پرآنے کے بعدپولیس اہلکار پر قتل کا مقدمہ درج کر کے اسے گرفتارکرلیاگیا ہے۔ 2 اپریل کو ایک پولیس اہل کار نے 44 سالہ شخص ایرک ہیرس کو فائرنگ کرکے ہلاک کردیا تھا۔۔اس کے قتل کا مقدمہ پیر کے روز اوکلاہوما میں اہل کار کے خلاف درج کرلیا گیا۔گزشتہ برس اگست میں بھی ریاست میزوری میں ایک سیاہ فام 18 سالہ مائیکل براﺅن کی سفید فام پولیس اہلکار کے ہاتھوں ہلاکت کے بعد ہنگامے پھوٹ پڑے تھے۔