لاہور ( این این آئی) انسداد دہشت گردی لاہور کی خصوصی عدالت میں فیس بک اور انٹرنیٹ کے ذریعے دو سو سے زائد خواتین ڈاکٹروں کو بلیک میل کرنے کے الزام میں گرفتار ملزم عبد الوہاب علوی کے کیس کی سماعت کے دوران ملزم کے وکیل کی جج سے بد تمیزی کے بعدمعزز جج چوہدری محمد الیاس نے کیس کی سماعت سے معذرت کر لی اور کیس انسداد دہشت گردی عدالتوں کے انتظامی جج کو واپس بھجوا دیا۔
عدالتی سماعت کے موقع پر پولیس نے ملزم کو ہتھکڑ یاں لگا کر عدالت میں پیش کیا گیا،مقدمہ کے مدعی درخواست گزار ینگ ڈاکٹرز ایسوسی ایشن کے سیکرٹری ڈاکٹر سلمان کاظمی نے عدالت کوبتایا کہ ملزم کا موبائل ڈیٹا ریکارڈ کا حصہ ہے جبکہ ملزم سے میموری کارڈزاور لیپ ٹاپ بھی برآمد کیا جا چکا ہے،ملزم نے تمام ڈیٹا کو اپنے لیپ ٹاپ میں رکھا اور اسی ڈیٹا کو جواز بنا کر ملزم نے خواتین ڈاکٹرز کو بلیک میل کیا اور ان سے بھتہ وصول کرتا رہا،عدالت میں بائیس گواہان اپنا بیان قلمبند کرا چکے ہیں،عدالت نے کیس کے تفتیشی افسر کو جرح کے لئے طلب کر رکھا تھا۔