اسلام آباد(نیوز ڈیسک)مصرکے میڈیا پروڈکشن سٹی کے مرکزی پاور گریڈ اسٹیشن کے ایک ٹرانسفارمر اچانک ہونے والے دھماکوں کے نتیجے میں کئی گھنٹے تک بجلی کی فراہمی بند ہوگئی جس کے باعث شہر میں ٹی وی نشریات کا سلسلہ بھی تعطل کا شکار ہوا۔العربیہ ڈاٹ نیٹ کے مطابق منگل کو علی الصباح میڈیا پروڈکشن سٹی میں زور دار دھماکوں کی آوازیں سنی گئیں جس کے بعد ہرطرف اندھیرا چھا گیا۔ بعد میں معلوم ہوا کہ یہ دھماکے گریڈ اسٹیشن کے ٹرانسفارمرمیں ہوئے ہیں جس کے باعث بجلی کا طویل بریک ڈاﺅن ہوا ہے۔میڈیا پروڈکشن سٹی کے چیئرمین اسامہ ہیکل نے ”العربیہ ڈاٹ نیٹ“ کو بتایا کہ شہرکو بجلی سپلائی کرنے والا ٹرانسفارمر شہر سے باہر ہے۔ کسی فنی خرابی کے باعث ٹرانسفارمیں دھماکہ ہوا جس کے بعد پورے شہرمیں بجلی کی فراہمی معطل ہوگئی تھی اور ٹی وی نشریات کا سلسلہ بھی تعطل کا شکار ہوا تاہم اب بجلی معمول کے مطابق بحال کردی گئی ہے۔انہوں نے بتایا کہ ٹرانسفارمر میں خرابی پیدا ہونے کے بعد وزارت بجلی کے حکام سے رابطہ کیا گیا۔ انہوں نے عارضی طور پر ایک دوسرا ٹرانسفارمر لگا دیا ہے اور خراب ہونے والے ٹرانسفارمر کی مرمت کی جا رہی ہے۔ تاہم اس سارے ’پراسیس‘ میں کچھ وقت لگا اور اب بجلی بحال کردی گئی ہے۔ایک سوال کے جواب میں اسامہ ہیکل کا کہنا تھا کہ میڈیا سٹی میں ہنگامی بجلی کی فراہمی کے لیے UPS سسٹم بھی موجود ہے مگراس کی صلاحیت صرف 45 منٹ تک بجلی فراہم کرنا ہے۔ اس کے بعد وہ بھی کام کرنا چھوڑ دیتا ہے۔ ٹرانسفارمر میں خرابی کے بعد ”یو بی ایس“ کے ذریعے بھی ٹی وی نشریات بحالی کی گئی تھیں مگر وہ بھی زیادہ دیرتک نہیں چل سکا۔