اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک) تحریک انصاف کے رکن صوبائی اسمبلی شاہ محمد خان کی رکنیت بحال کر دی گئی، تفصیلات کے مطابق الیکشن کمیشن نے تحریک انصاف کے رکن صوبائی اسمبلی شاہ محمد خان کی رکنیت بحال کر دی ہے، کے پی 72 بنوں سے شاہ محمد خان رکن صوبائی اسمبلی منتخب ہوئے تھے۔ میڈیا ذرائع کے مطابق الیکشن کمیشن نے اسلام آباد ہائیکورٹ کے فیصلے کی روشنی میں تحریک انصاف کے رکن صوبائی اسمبلی شاہ محمد خان کی رکنیت بحال کی ہے۔ تحریک انصاف کے رہنما
شاہ محمد خان وزیر کی رکنیت الیکشن کمیشن نے سیکشن فور پرعمل کرتے ہوئے معطل کی تھی۔ واضح رہے کہ ان کے مخالف محمد نعیم خان نے الیکشن کمیشن کو درخواست دی تھی جس میں انہوں نے موقف اختیار کیا تھا کہ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کے معاون خصوصی شاہ محمد خان وزیر ریاست مخالف سرگرمیوں میں ملوث ہیں، اس لیے شاہ محمد خان وزیر کا نام ای سی ایل میں ڈالا جائے، الیکشن کمیشن نے ان کی درخواست قبول کرتے ہوئے تحریک انصاف کے رہنما شاہ محمد خان کی رکنیت معطل کردی تھی۔