اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک) حوثی باغیوں نے جدید میزائل ٹیکنالوجی حاصل کر لی، تفصیلات کے مطابق سعودی عرب اور اس کے اتحادی ممالک یمن میں حوثی باغیوں کے لیے برسر پیکار ہیں مگر اب باغیوں نے اعلان کیا ہے کہ ان کے پاس ایسی جدید میزائل ٹیکنالوجی موجود ہے اور وہ اس کے ذریعے شمال میں سعودی دارالحکومت ریاض اور جنوب میں مکہ مکرمہ تک مار کر سکتے ہیں۔ حوثی باغیوں کے یمن میں سربراہ عبدالمالک الحوثی نے ٹی وی چینل المسیرہ جو کہ ان کے زیرقبضہ ہے پر اپنے خطاب میں سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات کو
دھمکی دیتے ہوئے کہا کہ متحدہ عرب امارات اب حوثی میزائلوں کی زد پر ہے اور دوسری طرف وہ بحیرہ احمر میں سعودی عرب کے تیل بردار بحری جہازوں کو بھی نشانہ بنائیں گے۔ عبدالمالک الحوثی نے کہا کہ متحدہ عرب امارات میں کام کرنے والی کمپنیاں یا وہ ادارے جنہوں نے وہاں سرمایہ لگایا ہوا ہے، اپنے آپ کو وہ محفوظ نہ سمجھیں۔ نجی ٹی وی چینل ایکسپریس نے بتایا کہ اس خطاب میں عبدالمالک الحوثی نے خبردار کیا کہ حوثی باغیوں کے قبضے میں یمنی بندرگاہ حدیدہ پر قبضے کی کوشش نہ ہرگز نہ کی جائے ورنہ اس کے نتائج اچھے نہیں ہوں گے۔