جدہ(نیوز ڈیسک) مسجد الحرام اور مسجد نبوی شریف ﷺ امور کی جنرل پریذیڈنسی نے مطاف کے توسیعی منصوبے کا 73 فیصد حصہ مکمل کرلیا ہے۔ ان دونوں توسیعی منصوبوں کا تیسرا اور آخری مرحلہ زیر تکمیل ہے،رمضان المبارک سے پہلے ہی یہ منصوبہ مکمل ہوجائے گا۔ رمضان کی آمد میں 74 دن باقی ہیں۔ جنرل پریذیڈنسی کے ماتحت پراجیکٹ ڈائریکٹر انجینئر سلطان القرشی نے بتایا کہ تعمیرات کا کام شاہ فہد توسیعی منصوبے کی پہلی منزل کی سطح اور باب الملک عبدالعزیز تک آچکا ہے۔ زمینی منزل میں پہلی منزل کے ستونوں کا کام جاری ہے۔ باب الملک عبدالعزیز کے علاقے میں کنکریٹ کے چبوترے تیار کئے جارہے ہیں۔ صحت کے منزل 60 فیصد تیار ہوچکی ہے، چھتوں کا کام 50 فیصد تک ہوچکا ہے۔ زمینی منزل 37 فیصد تیار ہوچکی ہے۔ پہلی منزل پر ستونوں کا کام 9 فیصد ہوچکا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ سال رواں کے شروع میں دوسرے مرحلے کی تزئین و تحسین کے کام بھی انجام دئیے گئے ہیں۔