نیو دہلی(مانیٹرنگ ڈیسک) بھارتی سپریم کورٹ نے 10 سال تک کیس کی سماعت کرنے کے بعد بالی وڈ کے لیجنڈ اداکار دلیپ کمار کو انصاف فراہم کر دیا۔عدالت نے اداکار کو قریبا ڈھائی ہزار اسکوائر یارڈ کا بنگلا بلڈر قبضہ مافیا سے واپس دلوا دیا۔ قریبا دس سال پہلے دائر کی گئی درخواست پر متعدد سماعتیں ہوئیں۔ جسٹس جے چیلا میسور اور جسٹس نذیر احمد پر مبنی بینچ نے کیس کی سماعتیں کرنے کے بعد معاملے کی تحقیق کے لیے
ایک رکنی عدالتی کمیشن مقرر کیا تھا۔سابق جج پی ونکتراما نے بلڈر مافیا کو قصور وار اور معاہدے کی خلاف ورزی کا مرتکب قرار دیا، جس کے بعد عدالت نے کنسٹرکشن کمپنی کو بنگلے کا قبضہ خالی کرکے چابیاں اداکار کے حوالے کرنے کا حکم دیا۔ ممبئی پولیس کی موجودگی میں سائرہ بانو کو 12 ستمبر 2017 کو بنگلے کی چابیاں دے دی گئیں۔ دس سال بعد انصاف کی فراہمی اور اپنے ہی گھر کی چابیاں ملنے پر شہنشاہ جذبات دلیپ کمار کی اہلیہ سائرہ بانو نے عدالت اور میڈیا کا شکریہ ادا کیا۔بلڈر قبضہ مافیا نے ممبئی پولیس کی موجودگی میں سائرہ بانو کو اپنے بنگلے کی چابیاں دیں جس کی تصویر انہوں نے ٹوئیٹ بھی کی۔ دلیپ کمار کے ٹوئٹر ہینڈل سے ٹوئیٹ کی جانے والی تصویر میں سائرہ بانو قبضہ مافیا سے حاصل ہونے والے بنگلے کی سیڑھی پر بیٹھ کر گھر کی چابیاں دکھا رہی ہیں۔ ٹوئیٹ میں مداحوں، میڈیا اور عدالت کا شکریہ ادا کرتے ہوئے لکھا گیا کہ آج قبضہ خوروں سے گھر ملنے پر خان صاحب (دلیپ کمار) بہت خوش ہیں۔واضح رہے کہ ممبئی کے معروف علاقے سبرب بندرا پالی ہل میں موجود 2 ہزار 412 اسکوائر یارڈ کے بنگلے کی تزئین و آرائش کے لیے دلیپ کمار نے نجی کنسٹرکشن اور بلڈر کمپنی ’پراجیتا ڈویلپرز‘ کو ٹھیکہ دیا تھا۔اداکار نے بنگلے کی مرمت و تزئین و آرائش کے لیے کنسٹرکشن کمپنی کو ایڈوانس پیسے بھی دیے تھے، مگر بلڈر مافیا نے ان کے بنگلے پر قبضہ کرلیا، جس پر اداکار نے سپریم کورٹ سے رجوع کیا تھا۔واضح رہے کہ چند روز قبل دلیپ کمار اپنے اہل خانہ کے ہمراہ عمر ہ ادا کرکے وطن واپس لوٹے تھے اور اس دوران ان کی مسجد نبوی ﷺ میں حاضری کی تصویر سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئی تھی جسے خوب سراہا گیا۔
Message from Saira Banu “Sahab and I took possession of the property which has been his residence for decades. Hon’ble Supreme Court…1/
— Dilip Kumar (@TheDilipKumar) September 12, 2017
2/ “restored the possession to us. Sahab is overjoyed. Sharing some photos. Thank you friends n fans innumerable who have prayed for us” pic.twitter.com/mPkuVPNd3N
— Dilip Kumar (@TheDilipKumar) September 12, 2017