کراچی (این این آئی) کراچی کی خراب صورتحال اور متحدہ لندن سے روابط کے الزامات پر میئر کراچی وسیم اختر کی تبدیلی پر مشاورت شروع کردی گئی ہے۔ ایم کیو ایم پاکستان میں بلدیاتی قیادت فیصل سبزواری کے سپرد کرنے پر غور جاری ہے، سینئر رہنماؤں کا موقف ہے کہ زیادہ عرصے اختیارات کا رونا رونے سے عوام کو مطمئن نہیں کیا جاسکتا، ذرائع کے مطابق کراچی کی بلدیاتی قیادت سے متعلق آئندہ چند روز میں اہم فیصلے کرنے کے لیے مشاورت شروع کردی گئی ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ بلدیاتی نمائندگان اور بلدیاتی اداروں کی خراب کارکردگی نے ایم کیو ایم پاکستان کی ساکھ متاثر کردی ہے، شہریوں کی منتخب بلدیاتی قیادت کے خلاف شکایات بڑھتی جارہی ہیں،ذرائع کے مطابق ایم کیو ایم پاکستان میں بلدیاتی قیادت فیصل سبزواری کے سپرد کرنے پر غور جاری ہے، ذرائع کا کہنا ہے کہ میئر کراچی وسیم اختر ایک برس کے دوران کے ایم سی کے کسی ایک محکمے کو درست کرنے میں ناکام رہے۔ ۔