اسلام آباد( آن لائن)قومی احتساب بیورو کے چئیرمین قمر زمان چوہدری کے دورہ آسٹریا سے واپس آتے ہی نیب نے شریف خاندان کے خلاف ریفرنسز احتساب عدالتوں میں دائر کرنے کے لئے ٹھوس مواد جمع کرلیا ہے جبکہ چیئرمین نیب نے شریف فیملی کیخلاف ریفرنسز دائر کرنے کیلئے پیش رفت پر اہم اجلاس بھی کل پیر کو طلب کر لیا ہے جو نیب ہیڈ کوارٹرز میں ہو گا۔ذرائع کے مطابق چیئرمین نیب کو پانامہ کیس فیصلے کی روشنی میں پیش رفت سے آگاہ کیا جائیگا
انھیں سابق وزیر اعظم نواز شریف سمیت شریف فیملی کے دیگر ارکان کی نیب ٹیم کے سامنے پیش نہ ہونے کے معاملے سے بھی آگاہ کیا جائیگا ، چیئرمین نیب شریف خاندان کیخلاف انکوائری کرنیوالی کمبائن انوسٹی گیشن ٹیم کی ابتدائی رپورٹ کا بھی جائزہ لینگے ،دوسری طرف نیب حکام کا کہنا ہے کہ ان کی مشترکہ انسوسٹی گیشن ٹیم نے نااہل وزیر اعظم اور شریف خاندان کے گرد گھیرا تنگ کر دیا ہے اور نیب نے شریف خاندان کے خلاف ٹھوس شواہد حاصل کرلیے ہیں اور نیب ذرائع کا کہنا ہے کہ عدالت میں ریفرنسز ثابت کرنے کیلیے ناقابل تردید ثبوت موجود ہیں، شریف خاندان کیخلاف ریفرینسز پر نیب کو تمام اداروں سے ریکارڈ مل گیا ہے حتی کہ اسٹیٹ بنک نے نواز شریف اور خاندان کے زیر استعمال درجنوں بنک اکاونٹس کی تفصیلات نیب کو فراہم کر دی ہیں اور دو درجن سے زائد بنک اکاونٹس کی تفصیلات کمبائن انوسٹی گیشن ٹیم کو دی گئی ہیں اس میں نواز شریف، مریم نواز، حسین نواز، حسین نواز، کیپٹن (ر) صفدر کے بنک اکاونٹس کی تفصیلات شامل ہیں ذرائع کا کہنا ہے کہ شریف فیملی کے زیر استعمال بنک اکاونٹس چھ نجی بنکوں میں موجود ہیں شریف خاندان کے بند کئے گئے بنک اکاونٹس، کریڈٹ واچرز کی تفصیلات بھی اس میں شامل ہیں واضح رہے کہ نیب نے 8ستمبر تک سابق وزیر اعظم اور شریف فیملی کیخلاف ریفرنس دائر کرنا ہے