اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک) بس بہت ہو گیا! اب اور لڑائی نہیں۔۔۔ ن لیگ نے عمران خان کو بڑی پیشکش کر دی، تفصیلات کے مطابق مسلم لیگ (ن) کے خواجہ سعد رفیق نے ایک نجی ٹی وی پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ مسلم لیگ (ن) اور پیپلز پارٹی اگر میثاق جمہوریت کر سکتی ہیں تو تحریک انصاف کے ساتھ بھی ہاتھ ملایا جا سکتا ہے۔
اس گفتگو کے دوران جب ان سے سوال کیا گیا کہ آپ تحریک انصاف سے تو ہاتھ نہیں ملائیں گے۔ جس کے جواب میں خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ کیوں نہیں ملائیں گے، کیوں لڑیں گے۔ خواجہ سعد رفیق نے مزید کہا کہ اگر پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ (ن) میثاق جمہوریت کر سکتے ہیں، دونوں جماعتیں اسٹیبلشمنٹ کے ساتھ مل کر ایک دوسرے کی حکومتیں گراتی رہیں، سیکیورٹی رسک پہنچایا، میرے منہ سے یہ سچ نکل رہا ہے اور یہ سچ تاریخ کا ایک کڑوا سچ ہے، اس کے بعد حالات نے ہمیں ایک ٹرک پر بھی چڑھایا، اے آر ڈی بھی بنائی اور اس کے بعد میثاق جمہوریت بھی کیا جو نواز شریف اور شہید بے نظیر بھٹو کا بہت بڑا کارنامہ ہے، خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ 1973ء کے آئین کے بعد یہ سب سے اہم دستاویز ہے۔ اگر پیپلز پارٹی اور ن لیگ کی لڑائی جو ایک قبائلی لڑائی کی طرح بن گئی تھی یہ میثاق جمہوریت کر سکتی ہیں تو اگر تحریک انصاف بچ گئی تو اس کے ساتھ بھی ہاتھ ملایا جا سکتا ہے لیکن مجھے نہیں لگتا کہ تحریک انصاف بچ سکے گی کیونکہ عمران خان نہ تو سیاستدان ہیں اور نہ وہ کچھ سیکھ رہے ہیں۔