دبئی سٹی (مانیٹرنگ ڈیسک) دبئی کے ایک ریسٹورنٹ میں چوری کرنے والے عادی پاکستانی مجرموں کو ریسٹورنٹ میں موجود مشکوک بوری نے پکڑوادیا۔
ایک 60 سالہ بھارتی بزنس مین نے تفتیش کاروں کو بتایا کہ اس کا ریسٹورنٹ رات ایک بجے بند ہوجاتا ہے لیکن اس سے پہلے آخری شفٹ کے تین ملازمین صبح کے لئے مٹھائیاں بنانے کا کام شروع کرتے ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ ایک رات حسب معمول انہوں نے باورچی خانے میں کھلنے والا پچھلا دروازہ بند کیا اور جب وہ لوٹ رہے تھے تو ریسٹورنٹ میں ایک مشکوک تھیلا پڑا پایا جس سے انہیں خدشہ محسوس ہوا کہ کچھ گڑ بڑ ہوچکی ہے۔
جب انہوں نے ریسٹورنٹ کا جائزہ لیا تو معلوم ہوا کہ کیش باکس غائب ہے جس میں تقریباً 9 ہزار درہم (تقریباً اڑھائی لاکھ پاکستانی روپے)کی رقم موجود تھی۔ واقع کی شکایت فوری طور پر پولیس کو کی گئی جو پہلے ہی تین مجرموں کی تلاش میں تھی۔ پولیس نے تینوں مجرموں کو گرفتار کرلیا ہے جن کی عمریں 26، 30 اور 33 سال بتائی گئی ہیں۔ تفتیش کے دوران تینوں نے پہلے کی جانے والی متعدد وارداتوں کا بھی اعتراف کرلیا ہے۔ مجرموں کو جیل کی سزا پوری ہونے کے بعد ملک بدر کردیا جائے گا