سیالکوٹ (آئی این پی) وزیر خارجہ خواجہ محمد آصف نے کہا ہے کہ سیاسی جماعتوں میں گروپ ہوتے ہیں کوئی نئی بات نہیں، سیاسی جماعتوں میں اختلاف جمہوریت کا حسن ہے، مسلم لیگ (ن) میں اختلاف پر کوئی قدغن نہیں،کبھی کبھی اختلاف میڈیا کی زینت بن جاتے ہیں، قیادت کے حکم پر پیپلز پارٹی کے ساتھ تعلقات پر کردار ادا کروں گا۔ ہفتہ کو نجی ٹی وی کے مطابق خواجہ آصف نے کہاکہ سیاسی جماعتوں
میں گروپ ہوتے ہیں، کوئی نئی بات نہیں، دنیا بھر میں سیاسی جماعتوں میں گروپ بندی ہوتی ہے، سیاسی جماعتوں میں اختلاف جمہوریت کا حسن ہے۔ انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) میں اختلاف پر کوئی قدغن نہیں ہے، کبھی کبھی اختلاف میڈیا کی زینت بن جاتے ہیں۔ خواجہ آصف نے کہا کہ قیادت کے حکم پر پیپلز پارٹی کے ساتھ تعلقات پر کردار ادا کروں گا، زرداری صاحب کا مستقبل ان کی جماعت کے ساتھ وابستہ ہے۔