ریاض (نیوز ڈیسک) سعودی عرب نے سویڈن کے بعد کینیڈا کو بھی اپنے اندرونی معاملات میں دخل اندازی کرنے پر کھری کھری سنادی ہیں اور اپنے کام سے کام رکھنے کا مشورہ دے دیا ہے۔ کینیڈا میں سعودی سفیر نائف بن بندرالسودیری نے کیوبک نیشنل اسمبلی کو ایک خط لکھا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ سعودی عرب کے لئے اپنے اندرونی معاملات میں کسی قسم کی مداخلت قابل قبول نہیں ہے۔ خط میں یہ بھی واضح کیا گیا ہے کہ مملکت انسانی حقوق کے نام پر کسی بھی حملے کو قبول نہیں کرے گی کیونکہ اس کے قانون کی بنیاد اسلامی اصولوں پر رکھی گئی ہے جس میں انسانی حقوق کی مکمل ضمانت دی گئی ہے۔ کینیڈا کے متعدد سیاستدانوں نے سعودی بلاگر رائف بداوی کو دی جانے والی سزا کے خلاف بات کرتے ہوئے سعودی قوانین کو تنقید کا نشانہ بنایا تھا۔ رائف بداوی کی اہلیہ اور بچے بھی کینیڈا کے صوبے کیوبک میں پناہ گزین ہیں، جبکہ کیوبک کی وزیر برائے امیگریشن کیتھلین ویل کا کہنا ہے کہ وہ رائف بداوی کا دفاع جاری رکھیں گے۔