واشنگٹن (نیوزڈیسک) تمام تر مخالفت اور پروپیگنڈے کے باوجود اسلام اس قدر تیزی سے پھیل رہا کہ حال ہی میں سامنے آنے والی رپورٹ کے مطابق 2070 تک اسلام دنیا کا سب سے بڑا مذہب بن جائے گا۔واشنگٹن میں واقع پیو ریسرچ سینٹر کے تحت مرتب کی گئی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ اگلی 4 دہائیوں میں دنیا کی آبادی 9.3 ارب تک پہنچ جائے گی جب کہ مسلمانوں کی آبادی میں 73 فیصد کا اضافہ ہوگا، آئندہ 40 سالوں میں عیسائی آبادی 35 فیصد بڑھے گی جب کہ ہندؤں کی تعداد میں 34 فیصد اضافہ ہوگا اور بھارت پوری دنیا میں سب سے زیادہ مسلمان آبادی والا ملک بن جائے گا۔ رپورٹ کے مطابق مسلمانوں میں آبادی بڑھنے کی شرح دیگر تمام مذاہب کے مقابلے میں زیادہ ہوگی جب کہ ہندو اور عیسائیوں کی آبادی کی شرح میں اسی رفتار سے اضافہ ہوگا جس رفتار سے دنیا کی آبادی بڑھ رہی ہے۔رپورٹ میں اس بات کا انکشاف بھی کیا گیا ہے کہ آنے والے عشروں میں عیسائی مذہب کو سب سے زیادہ نقصان ہونے کا خدشہ ہے، مستقبل میں جہاں 4 کروڑ افراد عیسائی مذہب اپنا لیں گے وہیں 10 کروڑ 60 لاکھ لوگ عیسائی مذہب کو چھوڑ دیں گے جب کہ ایک کروڑ 12 لاکھ لوگ مذہب اسلام کو اپنائیں گے۔