اوگی(این این آئی)مسلم لیگ (ن) کے رکن قومی اسمبلی کیپٹن (ر) صفدر نے کہا ہے کہ نوازشریف کے خلاف سپریم کورٹ کے فیصلہ کو 22 کروڑ عوام نے مسترد کر دیا ہے، ملک کے منتخب وزیراعظم کو ایک ایسے جرم میں سزا دی گئی ہے جو اس نے کیا ہی نہیں ہے۔ وہ گذشتہ روز مسلم لیگ (ن) کے زیراہتمام میلاد چوک اوگی میں محمد نواز شریف سے اظہار یکجہتی کے سلسلہ میں جلسہ سے خطاب کر رہے تھے۔
جلسہ سے ملک نعمت الرحمٰن ایڈووکیٹ، ارشد تنولی اور دیگر مقررین نے بھی خطاب کیا۔ قبل ازیں ملوگا کے مقام پر مسلم لیگ (ن) تحصیل اوگی کے صدر علی محمد تنولی، یوتھ ونگ کے صدر وحید خان ایڈووکیٹ، مسلم لیگی رہنما یوسف تنولی اور دیگر رہنماؤں نے کیپٹن صفدر کا فقیدالمثال استقبال کیا۔ جلوس کی شکل میں انہیں میلاد چوک لایا گیا۔ میلاد چوک نوازشریف اور کیپٹن صفدر زندہ باد کے نعروں سے گونج اٹھا۔ جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے کیپٹن (ر) محمد صفدر نے کہا کہ نوازشریف وہ عظیم لیڈر ہیں جس نے 1990ء کے الیکشن میں کامیابی کے بعد پارلیمنٹ سے شریعت بل منظور کیا، 1998ء میں ایٹمی دھماکے کئے اور 2013ء کے عام انتخابات میں کامیاب ہونے کے بعد 55 ارب ڈالر کے پاک چین اقتصادی راہداری منصوبہ کو عملی جامہ پہناتے ہوئے بڑا معاشی دھماکہ کیا، دہشت گردی کے ناسور کو جڑ سے کاٹ کر روشنیوں کے شہر کراچی میں امن بحال کیا، اس کے صادق اور امین ہونے میں کسی کو شک نہیں ہونا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ پوری قوم جمہوریت کی بالادستی اور 1973ء کے آئین کے تحفظ کیلئے میدان میں نکل چکی ہے، انشاء اﷲ آئندہ وزیراعظم پھر نوازشریف ہوں گے۔