اسلام آباد (نیوز ڈیسک) نااہل سابق وزیراعظم نواز شریف کی ریلی آج جہلم پہنچی جہاں پر انہوںنے کارکنوں سے پرجوش خطاب کیا۔ اس خطاب کے بعد قانونی ماہرین نے اپنے نکتہ نظر سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ نواز شریف نے جہلم میں خطاب کے دوران سپریم کورٹ کے ججز کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا جس کے باعث انہیں جیل کی سزا دی جا سکتی ہے۔
تفصیلات کے مطابق نواز شریف نے اپنے خطاب میں کہا کہ انہیں عوام نے وزیراعظم بنایا لیکن سپریم کورٹ کے پانچ ججوںنے بیک جنبش قلم انہیں نااہل قرار دے دیا۔ اس موقع پر قانونی ماہرین کا کہنا تھا کہ نواز شریف نے جہلم میں تقریر کے دوران توہین عدالت کی ہے جو آنے والے دنوں میں ان کے لئے کسی بڑی مشکل کا باعث بن سکتی ہے۔ قانونی ماہرین کے مطابق توہین عدالت پر کم سے کم چھ ماہ جیل کی سزا ہو سکتی ہے۔