اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک) تحریک انصاف کی منحرف رکن عائشہ گلالئی نے اپنے ایک وڈیو پیغام میں کہا ہے کہ تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان ابھی تک برطانوی ذہنی غلامی سے خود کو نہیں نکال پائے۔ انہوں نے کہا کہ آج بھی تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان ہر مقام پر وہاں کی مثالیں پیش کرتے ہیں،
عائشہ گلالئی نے اپنے وڈیو پیغام میں پاکستان کی عوام کو آزادی کی 70 ویں سالگرہ پر مبارک دیتے ہوئے کہا کہ ہم سب جانتے ہیں کہ ہم نے پاکستان 20 لاکھ مسلمانوں کی قربانی سے حاصل کیا ہے۔ مزید کہا کہ ہمیں برطانوی غلامی سے آزادی حاصل کیے ہوئے 70 سال ہو چکے ہیں مگر آج بھی تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان اپنے آپ کو اس غلامی سے نکال نہیں سکے۔ عائشہ گلالئی نے کہا کہ میں ان سے کہنا چاہتی ہوں کہ براہ مہربانی آپ اگر خود ذہنی غلامی کا شکار ہیں تو پاکستان کی باصلاحیت نوجوان نسل کو جو پاکستان کا مستقبل ہے کو اس غلامی میں مبتلا نہ کریں۔ عائشہ گلالئی نے کہا کہ تحقیقات کیلئے ایک پارلیمانی کمیٹی بنی، پہلے تو عمران خان نے اس پارلیمانی کمیٹی کا خیر مقدم کیا اور بعد میں وہ اس سے پیچھے ہٹ گئے اور اب تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے نیا موقف اختیار کیا ہے کہ تحقیقات کیلئے برطانوی طرز کا کمیشن ہونا چاہیے، اس بارے میں، میں ان سے کہتی ہوں کہ پارلیمنٹ ہمارے ملک کا اہم ادارہ ہے، انہوں نے کہا کہ برطانیہ کے اپنے قانون ہیں اور مجھے پاکستان کا آئین اور قانون عزیز ہے اور مجھے اس پر اعتماد ہے۔