کراچی(آئی این پی) پاکستان کے سب سے بڑے میوزک شو ’’ کوک سٹوڈیو ‘‘ کا آغاز رواں ماہ 11 اگست کو ہو رہا ہے ، تاہم کوک سٹوڈیو نے پاکستان کی 70 ویں جشن آزادی کی مناسبت سے سیزن 10 میں پرفارم کرنے والے تمام 40 گلوکاروں کے ہمراہ مشترکہ پڑھا جانے والا قومی ترانہ ریلیز کرنے کا اعلان کیا ہے۔ایک اعلامیے کے مطابق پرعزم پیغام کے ساتھ یہ قومی ترانہ ملک میں میوزک کے بے مثال میوزک پلیٹ فارم کوک سٹوڈیو کے 10ویں سیزن کا بہترین آغاز ہوگا۔
کوکا۔کولا پاکستان کے جنرل منیجر رضوان یو خان نے بتایا، “دس سال قبل کوک سٹوڈیو قائم کیا گیا جس کا مقصد یہ تھا کہ منفرد پلیٹ فارم فراہم کرکے ملک کے مختلف علاقوں اور گھرانوں سے تعلق رکھنے والے مشہور اور گمنام آرٹسٹوں کو اکھٹا کیا جائے اور اس سے منفرد سائونڈ آف دی نیشن تخلیق ہو۔ ہمیں فخر ہے کہ کوک اسٹوڈیو نے اس مشکل کام کو بہترین انداز سے نبھایا ہے اور اس ضمن میں مختلف چیزوں کو الگ کرنے کے بجائے انہیں قبول کرکے اتحاد کو فروغ دیا ہے۔