ممبئی (این این آئی)سروں کے بے تاج بادشاہ اور برصغیر کے نامور گلوکار محمد رفیع کو دنیا چھوڑے 37 برس بیت گئے لیکن ان کی آواز آج بھی کروڑوں لوگوں کے دلوں پر راج کرتی ہے۔ لیجنڈری گلوکار محمد رفیع کی آج 37ویں برسی منائی جا رہی ہے۔ گائیگی کی دنیا میں محمد رفیع کا نام کسی تعارف کا محتاج نہیں۔ چوبیس دسمبر کو امرتسر کے علاقے کوٹلہ سلطان سنگھ گاؤں میں پیدا ہونیوالے رفیع چھے بہن بھائیوں میں دوسرے نمبر پر تھے۔ محمد رفیع نے تیرہ سال کی عمر
میں لاہور ریڈیو سے پنجابی گانے گا کر فنی سفر کا آغاز کیا اور سترہ برس کی عمر میں موسیقار شیام سندر کی دعوت پر ممبئی چلے گئے۔ رفیع نے فلم انمول گھڑی سے فلمی کیرئیر کا آغاز کیا اور پھر پیچھے مڑ کر نہیں دیکھا۔ ان کے گائے گیت فلم کی کامیابی کی ضمانت سمجھے جاتے تھے۔ تین دہائیوں تک بھارتی فلموں میں راج کرنے والے محمد رفیع نے دلیپ کمار، دیو آنند، دھرمیندر، جتیندر، رشی کپور، شمی کپور اور امیتابھ بچن جیسے اداکاروں کے لیے گائیکی کی۔