اسلام آباد(این این آئی)ظفر حجازی کے لیئے ڈاکٹروں کے خصوصی بورڈ کی تشکیل پر گہری تشویش ہے۔ ناسازیء طبع کی جھوٹی داستان گھڑنے کا مقصد حجازی کو سزا سے بچانا ہے۔ گاڈ فادر کے احکامات پر چوری میں معاونت کرنے والے کرداروں کو بچایا جا رہا ہے۔ یہ بات تحریک انصاف کے سینئر رہنما ڈاکٹر بابر اعوان نے اپنے ایک بیان میں کہی۔ ان کا کہنا تھا کہ ظفر حجازی نے ایس ای سی پی کے ریکارڈ میں مجرمانہ جعل سازی کے ذریعے گاڈ فادر کو بچانے کی کوشش کی۔
ظفر حجازی کا ابتدائی طبی معائنہ کرنے والے ڈاکٹروں کو ہٹا کر من پسند بورڈ کی تشکیل شرمناک ہے۔وزیر داخلہ بتائیں کیا انہوں نے ایف آئی اے کو حجازی سے ساز باز کرنے اور اسے بچانے کا حکم دے رکھا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ مجرم وزیراعظم کی جانب سے حکومتی اداروں کے ذریعے چوری بچانے کی کوششیں کامیاب نہیں ہو نگی۔ظفر حجازی کے بعد قومی خزانہ لوٹنے میں نواز شریف اور اسحٰق ڈار کی مدد کرنے والے دیگر کردار بھی جیلوں میں دھرے جائیں گے۔