لاہور( این این آئی)پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی ہدایت پر وسطی پنجاب تنظیم کے زیر اہتمام آج ( اتوار) کو ’’ گو نواز گو ‘‘ ریلیاں نکالی جائیں گی ،صوبائی دارالحکومت میں لاہور پریس کلب سے ایوان اقبال تک ریلی نکالی جائے گی جس کی قیادت لاہور کے صدر حاجی عزیز الرحمن چن کریں گے ۔ تفصیلات کے مطابق پیپلز پارٹی نے موجودہ حالات میں حکومت پر دباؤ بڑھانے کا فیصلہ کیا ہے اور اسی تناظر میں آج اتوار کے روز پنجاب میں ’’ گو نواز گو ‘‘ ریلیاں نکالی جائیں گی۔
پیپلز پارٹی وسطی پنجاب کے زیر اہتمام ہرضلعی صدر مقام پر ریلی کا انعقاد کیا جائے گا جسکے کیلئے تمام انتظامات مکمل کر لئے گئے ہیں۔ پیپلزپارٹی کے عہدیدار ریلیوں کو کامیاب کرانے کے لئے کارکنوں سے رابطے میں ہیں۔ پیپلزپارٹی وسطی پنجاب کی جانب سے ریلیوں کا شیڈول جاری کر دیا گیا ہے جس کے مطابق صدر قمر زمان کائرہ گجرات میں احتجاجی مظاہرے کی قیادت کرینگے، لاہور میں پریس کلب سے ایوان اقبال تک ریلی کی قیادت صدر لاہور عزیز الرحمن چن ، پیپلز پارٹی کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات چودھری منظور احمد، ڈپٹی سیکریٹری عثمان ملک اور سیکرٹری فنانس عاصم محمود کریں گے، سیکریٹری جنرل ندیم افضل چن سرگودھا میں احتجاجی مظاہرے کی قیادت کریں گے، سیکریٹری اطلاعات مصطفی نواز کھوکھر راولپنڈی میں احتجاجی مظاہرے کی قیادت کریں گے، نائب صدر آصف خان خو شاب میں مظاہرے کی قیادت کریں گے، نائب صدر اسد پرویز اٹک میں احتجاج کی قیادت کریں گے، نائب صدر اسلم گل شیخوپورہ میں احتجاج کی قیادت کریں گے،نائب صدر شہزاد چیمہ پاکپتن میں احتجاجی مظاہرے کی قیادت کریں گے، نائب صدر اظہر حسین ڈار سیالکوٹ میں احتجاجی مظاہرے کی قیادت کریں گے، تمام ڈویژنل صدور اور سیکریٹری جنرلز اپنے متعلقہ اضلاع میں احتجاج کی قیادت کریں گے، نائب صدر جاوید بھٹی قصور میں احتجاج کی قیادت کریں گے۔ اس حوالے سے پیپلز پارٹی لاہور صدر عزیز الرحمن چن نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی کی آج کی ریلیاں حکمرانوں کی آنکھیں کھول دیں گی۔
پیپلز پارٹی نے ہمیشہ عوام کی نمائندگی کی ہے اور ایوان کے اندر اور باہر عوام کے جذبات کی ترجمانی کی ہے ۔انہوں نے کہا کہ ظفر حجازی کی گرفتاری نے کرپشن مافیا کی چین توڑ دی ہے اور وزیر اعظم کو پر ہاتھ ڈالنے کی پہلی کڑی ہے۔ آئندہ انتخابات سے پہلے ہی عوام نے مسلم لیگ (ن) کو مسترد کر دیا ہے اور ملک میں خوشحالی پیپلز پارٹی ہی لائے گی ۔
انہوں نے کہا کہ ملک میں احتساب کا عمل ضروری ہے اور پیپلز پارٹی جمہوریت کے ذریعے احتساب پر یقین رکھتی ہے تمام سیاسی جماعتوں کو ملک میں جمہوریت کی بقا اور استحکام کی خاطر مل کر کام کرنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ موجودہ سیاسی بحران میں سب سے زیادہ اہم کردار پیپلزپارٹی نے اد ا کیا ہے شریف برادران کی من مانیوں کی وجہ سے ان کی جماعت اور ملک و قوم کو ناقابل تلافی نقصان پہنچا ہے۔