اسلام آباد ( آئی این پی ) وزیر دفاع خواجہ محمد آصف نے کہا ہے کہ میرے وزیر اعظم بننے کے حوالے سے خبروں میں کوئی صداقت نہیں ہے اس طرح کی باتیں جان بوجھ کر پھیلائی جا رہی ہیں ،پوری (ن) لیگ اعتماد کے ساتھ وزیر اعظم نواز شریف کے ساتھ کھڑی ہے ، ہمیں عدلیہ پر اور اپنے کیس کی سچائی پر پورا اعتماد ہے ۔ جمعہ کو نجی ٹی وی پروگرام میں انہوں نے کہا کہ پوری (ن) لیگ وزیر اعظم کے ساتھ کھڑی ہے ۔
وقت کے ساتھ ساتھ سیاسی جماعتوں میں مضبوطی آئی ہے جو کہ اچھی بات ہے ۔ ماضی میں ایسی صورتحال یں پارٹیاں ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہو جایا کرتی تھی مگر اب ایسا نہیں ہے ۔ خواجہ آصف نے کہا کہ میرے وزیر اعظم بننے کے حوالے سے خبروں میں کوئی صداقت نہیں ہے ۔ہمارے روزانہ مشاورتی اجلاس ہوتے ہیں جن میں وکلاء دن بھر کی کارروائی پر بریفنگ دیتے ہیں ۔ ہمیں عدلیہ پر اور اپنے کیس کی سچائی پر پورا اعتماد ہے۔ ہمارے تمام وزراء وزیر اعظم نوازشریف کی قیادت میں کام کرتے رہینگے اور انہی کی قیادت میں 2018 کا الیکشن بھی لڑیں گے ۔