لاہور (این این آئی ) تحریک انصاف نے رکن صوبائی اسمبلی شاہجہاں کے گھر سے ملازم کی تشدد زدہ لاش ملنے کے بعد متاثرہ خاندان کو قانونی معاونت فراہم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔گزشتہ روز پنجاب اسمبلی میں قائد حزب اختلاف میاں محمود الر شید کو تحریک انصاف کے مرکزی رہنما و معروف قانون دان بابر اعوان نے فون کیا ،
جس میں سربراہ تحریک انصاف عمران خان کی ہدایت کی روشنی میں مسلم لیگ ن کی رکن پنجاب اسمبلی شاہجہاں کے گھر سے ملازم کی تشدد زدہ لاش ملنے کے بعد متاثرہ خاندان کو قانونی معاونت فراہم کرنے پر اتفاق ہوا، اس سلسلے میں گزشتہ روز اپوزیشن لیڈر میاں محمود الر شید اوکاڑہ کے نواحی گاؤں گئے اور متاثرہ خاندان سے تعزیت کی، اس موقع پر اپوزیشن لیڈر نے متاثرہ خاندان کو عمران خان کا خصوصی پیغام پہنچایا جس میں انہیں قانونی معاونت سمیت ہر ممکن مدد فراہم کرنے کی پیشکش کی جسے متاثرہ خاندان نے قبول کرتے ہوئے تحریک انصاف کی قیادت پر اعتماد کا اظہار کیا اور شکریہ ادا کیا، علاوہ ازیں اکبر ی گیٹ کے علاقے میں حکمران جماعت کی رکن پنجاب اسمبلی شاہجہاں کے گھر سے گھریلو ملازم کی تشدد زدہ لاش ملنے کے خلاف پنجاب اسمبلی میں توجہ دلاؤ نوٹس جمع کروا دیا گیا ۔ اپوزیشن لیڈر میاں محمود الر شید کی جانب سے جمع کرائے گئے نوٹس میں وزیر اعلیٰ پنجاب سے سوال کیا گیا ہے کہ کیا یہ درست ہے کہ مسلم لیگ ن کی ایم پی اے شاہجہاں کے گھر سے 15 سالہ گھریلو ملازم کو تشدد کرکے قتل کرد یا؟ جبکہ اسکی بہن کو شدید زخمی کر دیا گیا۔ اب تک تفتیش اور ملزمان کی گرفتاری میں کیا پیش رفت ہوئی ہے؟۔