اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک) معروف بھارتی اداکارہ کو صرف 6 ہزار روپے کیلئے قتل کردیا گیا، تفصیلات کے مطابق بھارتی اداکارہ کریتکا چوہدری کے اندوہناک قتل نے بالی ووڈ انڈسٹری سمیت پورے بھارت کو ہلا کر رکھ دیا ہے۔ ان کے قتل کے بعد کہا گیا کہ وہ ذہنی پریشانی اور ڈپریشن میں مبتلا تھیں اور اسی پریشانی میں غالباً اس نے خود کشی کر لی، اب پتہ چلا ہے کہ دو منشیات فروشوں نے صرف چھ ہزار روپے کی
خاطر بھارتی اداکارہ کریتکا چوہدری کا قتل کر دیا۔ بھارتی ویب سائٹ ’’کوئنٹ‘‘ کی رپورٹ کے مطابق دو منشیات فروشوں جن سے کریتکا چوہدری منشیات لیتی تھی نے اسے قتل کیا۔ اس رپورٹ میں انکشاف کیا گیا کہ اداکارہ کریتکا چوہدری نے گزشتہ سال لی گئی منشیات کی رقم ادا نہیں کی تھی جو صرف چھ ہزار روپے تھی۔ اداکارہ کریتکا چوہدری کے فلیٹ پر شکیل نسیم اور بادشاہ باسوداس نامی منشیات فروش رقم لینے کے لیے آئے تھے لیکن ان کا اداکارہ سے جھگڑا ہوگیا، اسی جھگڑے کے دوران منشیات فروشوں نے اداکارہ کے سر پر آہنی آلے سے وارکیا جس سے وہ جانبر نہ ہو سکی۔ دونوں منشیات فروش جانے سے پہلے کمرے کا اے سی چلا کر اسے بند کرگئے تاکہ کسی قسم کی بدبو باہر نہ جاسکے۔ پولیس کی تحقیقات کے دوران ان منشیات فروشوں کے متعلق سکیورٹی گارڈ نے معلومات فراہم کیں۔ اس کے علاوہ سی سی ٹی وی کیمرے سے بھی ان کی شناخت ہو گئی ہے، پولیس نے ممبئی سے انہیں گرفتار کر لیا ہے۔