میڈرڈ(آئی این پی)اسپین کے جنوبی ساحلی علاقوں کے ذریعے یورپ پہنچنے والے تارکین وطن کی تعداد میں ماضی کے مقابلے میں کہیں زیادہ اضافہ ہو گیا۔ غیر ملکی میڈیا کے مطابق رواں برس اسپین کے جنوبی ساحلی علاقوں کے ذریعے یورپ پہنچنے والے تارکین کی تعداد میں ماضی کے مقابلے میں کہیں زیادہ اضافہ دیکھا گیا ہے۔ بتایا گیا ہے رواں برس اس راستے سے گزشتہ برس کے مقابلے میں دوگنا تارکین وطن اسپین پہنچے۔
بدھ کے روز بحیرہ البورن کے ذریعے مراکش سے اسپین پہنچنے کی کوشش کرنے والے 380 تارکین وطن کو ریسکیو کیا گیا ہے۔ گزشتہ ہفتے اسی علاقے میں 52 تارکین وطن کی حامل ایک کشتی ڈوبنے کے ایک واقعے میں 49 افراد مارے گئے تھے اور صرف تین افراد کو بچایا جا سکا تھا۔ تاہم اس راستے کے ذریعے یورپ پہنچنے والوں کے مقابلے میں شمالی افریقہ سے اٹلی پہنچنے والے مہاجرین کی تعداد اب بھی بہت زیادہ ہے۔