پاراچنار(آن لائن)پاراچنار میں کامیاب مذاکرات کے بعد دھرنا ختم کردیا گیا، تمام بازار اور تعلیمی ا دارے کھل گئے، شہر کی رونقیں بحال ہونا شروع ہو گئیں، تعلیمی اداروں میں بھی درس وتدریس کا سلسلہ شروع ہو گیا ہے۔تفصیلات کے مطابق پاراچنار میں دھرنا ختم ہونے کے بعد شہر کے تمام بازار اور کاروباری مراکز آج دوبارہ کھل گئے۔ زندگی معمول کی جانب لوٹ رہی ہے، سرکاری دفاتر میں کام شروع ہوگیا جبکہ تعلیمی اداروں
میں بھی درس وتدریس کا سلسلہ شروع ہو گیا ہے تاہم سکولوں میں حاضری معمول سے کم رہی۔گزشتہ جمعیکو ہونے والے دو دھماکوں کے بعد طوری بنگش قبائل نے اپنے مطالبات کے حق میں 8 روز سے دھرنا دیا ہوا تھاجس کے بعد آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے پارا چنار کا دورہ کیا اور قبائلی عمائدین کو باور کرایا کہ پارا چنار کا ایک ایک انچ اورایک ایک فرد اہم ہے، تفرقہ ڈالنے والوں کے ایجنڈے کیخلاف متحد ہونا ہو گا۔آرمی چیف نے دہشت گردوں کے سہولت کاروں کیخلاف مقدمات فوجی عدالتوں میں چلانے اور پارا چنار میں سیف سٹی پراجیکٹ شروع کرنے کا اعلان بھی کیا، عمائدین نے پاک فوج کی بھرپور حمایت کا اعادہ کرتے ہوئے گزشتہ روز دھرنا ختم کر دیا تھا۔