اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک)معروف صحافی اور سینئر تجزیہ کار حامد میر نے نجی ٹی وی کے ایک پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کو جلد وزیراعظم نواز شریف کی نا اہلی کی خوشخبری ملنے والی ہے۔ معروف صحافی نے کہا کہ تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کے خلاف بھی ایک نا اہلی کیس چل رہا ہے اور اس سے متعلق میں کوئی حتمی رائے نہیں دے سکتا
اس کی وجہ یہ ہے کہ عمران خان کو لگتا ہے کہ وہ اس مقدمے کا کامیابی سے دفاع کر رہے ہیں انہوں نے کہا کہ قانون کے ماہرین کا خیال ہے کہ عمران خان اپنے خلاف نا اہلی کیس کا صحیح دفاع نہیں کر پا رہے۔ انہوں نے کہا کہ میرے ذرائع کے مطابق اگر عمران خان اس نا اہلی کیس سے نکل بھی جاتے ہیں تو ان کے خلاف دو نئے مقدمات دائر کر دیے جائیں گے اور ان مقدمات سے بچ نکلنا عمران خان کے لیے چیلنج ہو گا۔ تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کو خود بھی یہ معلوم ہے کہ ان کے سر پر نا اہلی کی تلوار بدستور لٹک رہی ہے۔ معروف صحافی کے مطابق عمران خان کے خلاف مستقبل میں دائر کیے جانے والے یہ دو نئے مقدمات زیادہ خطرناک ہوں گے۔ ان کے بقول عمران خان کو بظاہر سیاسی خوشخبری مل سکتی ہے کہ نواز شریف نا اہل ہو جائیں لیکن اس کے برعکس ان کی اپنی نا اہلی کا خطرہ بھی موجود ہے۔ حامد میر کے مطابق کہیں حالات انہیں ایسے موڑ پر نہ لے آئیں کہ نواز شریف اور عمران خان گلے مل کر روئیں اور کہیں کہ ہم نے ایک دوسرے کے ساتھ اچھا نہیں کیا۔