اسلام آباد (آئی این پی) پیپلز پارٹی کے رہنما وسینیٹر رحمن ملک اسلام آباد سے پارا چنار کے متاثرین سے اظہار ہمدردی کیلئے ہیلی کاپٹر کے ذریعے روانہ ہوئے تو پارا چنار شہر کے اوپر پرواز کے دوران پائلٹ کو مطلع کیا گیا کہ سیکیورٹی خطرات کے باعث آپ کو لینڈنگ کی اجازت نہیں دی جا سکتی۔ رحمن ملک کے ترجمان ریاض علی طوری کے مطابق سیکیورٹی تھریٹ کے پیش نظر ہیلی کاپٹر کو واپس اسلام آباد کی طرف موڑ دیا گیا۔
ہیلی کاپٹر میں سابق ڈپٹی سپیکر فیصل کریم کنڈی بھی ان کے ہمراہ تھے ۔ سینیٹر رحمن ملک کا کہنا تھا کہ ڈرنے والے نہیں،دشمن پاکستان کو غیرمستحکم کرنے کی ناکام کوشش کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ملک دشمنوں کی ہرگھناؤنی سازش کو قومی اتحاد وملی یکجہتی سے شکست دینگے ۔آئی این پی کے مطابق حکام نے بتایا کہ پاراچنار میں حالات کشیدہ ہیں اس لیے لینڈنگ کی اجازت نہیں دے سکتے ۔