اسلام آباد (این این آئی)وزیر اعظم نواز شریف کے داماد مریم نواز کے شوہر کیپٹن ریٹائرڈ صفدر ہفتہ کو جے آئی ٹی کے سامنے پیش ہوئے جہاں ان سے پانچ گھنٹے تک پوچھ گچھ کی گئی ۔ کیپٹن صفدردن 11بجے پاناما کمیٹی کی جے آئی ٹی کے سامنے پیشی کے موقع پر جوڈیشل اکیڈمی پہنچے تھے، ان سے جے آئی ٹی میں پانچ گھنٹے تک پوچھ گچھ کی گئی۔جوڈیشل اکیڈمی کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے
انہوں نے کہا کہ ساری رات قصہ سناتے رہے اور صبح پوچھا کہ زلیخا لڑکی تھی یا لڑکا ٗ اخلاقی طورپر سمجھتا ہوں کہ مجھے بات افشا نہیں کرنی چاہیے۔کیپٹن ریٹائرڈ صفدر نے کہاکہ ہم 73 کے مقدس آئین کی حفاظت کے لیے کھڑے ہیں ، قاعدے قانون کے بڑے پابند ہیں،پاناما کیس اس نواز شریف کے خلاف ہے جس نے پاکستان کو ایٹمی پاکستان بنایا۔انہوں نے کہا کہ یہ کیس اس نواز شریف کے خلاف ہے جو پاکستان کو اندھیروں سے نکالنا چاہتا ہے، یہ سارا کام عمران خان کے ہاتھ میں ہنود ویہود نے دیرکھا ہے۔کیپٹن ریٹائرڈ صفدر کا کہنا تھا کہ عوام 2018ء میں نوازشریف کو ایک بار پھر ایک طاقت دیں گے،عمران خان خود کو پاکستان کے خلاف سازشوں سے دور کرو۔انہوں نے کہا کہ میرے ساتھ جے آئی ٹی کا رویہ بڑا اچھا رہا، سوال باہر سے آرہے تھے، میں نواز شریف کا داماد ہونے کے باوجود اپنے دس مرلے کے گھر کو ہی اپنا مانتا ہوں۔کیپٹن صفدر کا کہنا تھا کہ مجھے خوشی ہے کہ اپنے والد کا خالص خون آج نوازشریف کے قدموں میں نچھاور کر رہا ہوں،منی ٹریل اور دستاویزات دونوں دوں گا۔کیپٹن صدر نے کہاکہ سرے محل بنانے والوں سے کوئی نہیں پوچھ رہا اور نہ ہی کارگل کے مجرم کو کوئی پکڑ رہا ہے۔ اگرعمران خان نے اپنے آپ کو آئین اور نظریہ پاکستان کیخلاف کی جانے والی سازشوں سے دورنہیں کیا تو تاریخ انہیں کبھی معاف نہیں کرے گی۔