دنیا میں ایک ایسا وقت بھی گزرا ہے جب نمک کرنسی کی حیثیت رکھتا تھا اور لوگ نمک دے کر کھانے پینے کی اشیاءخریدتے تھے‘ اس دور میں نمک اس قدر اہمیت رکھتا تھا کہ چین کے بادشاہ ہیسایو نے 2200قبل مسیح میں نمک پر باقاعدہ ٹیکس عائد کر دیاتھا۔ یونان کے تاجر نمک کے عوض غلاموں کی تجارت کرتے تھے۔ روم کا عظیم شہنشاہ جولیس سیزر اپنے فوجیوں کو نمک کی شکل میں تنخواہ دیتا تھا جبکہ ہندوستان میں نمک
کے بدلے ہاتھی بیچے اور خریدے جاتے تھے۔ ہم لوگ انگلش میں تنخواہ کو سیلری کہتے ہیں۔ اس لفظ سیلری کا نمک کے ساتھ بڑا گہرا تعلق ہے۔ زمانہ قبل مسیح میں غلاموں اورملازموں کو کام کے بدلے نمک دیاجاتا تھا۔ یہ نمک اس دور میں سالاری کہلاتا تھا اور یہ لفظ آگے چل کر سیلری بن گیا۔ آج آپ کو مہینہ بھر کی محنت کے بعد جو تنخواہ ملتی ہے‘ آپ اسے تنخواہ والی سیلری نہ سمجھا کریں‘ آپ اسے نمک والی سیلری جانا کریں کیونکہ یہ عموماً مسائل کے آٹے میں نمک کے برابر ہوتی ہے۔