کراچی(این این آئی)رواں مالی سال کے ابتدائی دس ماہ کے دوران ملکی تجارت کو محض 4 ممالک کے ساتھ باہمی تجارت میں 7.12 ارب ڈالر کا خسارہ دیکھنے میں آیا ہے ۔اسٹیٹ بینک آف پاکستان کے اعداد وشمار کے مطابق جولائی 2016 تا اپریل 2017 کے دوران 10ماہ کے دوران پاکستا ن کو چین،امریکا ، قطر اور سعودی عرب کے ساتھ باہمی تجارت میں 7 ارب 12 کروڑ 80 لاکھ ڈالرز کا خسارہ برداشت کرنا پڑا،
اعداد وشمار کے مطابق ان دس ماہ کے دوران پاکستان نے مذکورہ ممالک کو 5 ارب8 کروڑ 60 لاکھ ڈالر کی بر آمدات کیں جبکہ پاکستان کی در آمدات 12 ارب 21 کروڑ 40 لاکھ ڈالر کی سطح پر رہیں ۔اسٹیٹ بینک کے مطابق پاکستان نے اس دوران سب سے زیادہ در آمدات چین سے کیں جو کہ 7 ارب 80 کروڑ ڈالر کی سطح پر رہیں ،سعودی عرب سے پاکستانی درآمدات کا حجم ایک ارب 90 کروڑ ڈالر ، امریکا سے ایک ارب 65 کروڑ ڈالر جبکہ قطر سے 86 کروڑ 40 لاکھ ڈالر کی در آمدات کی گئیں ،پاکستان سے اس دوران سب سے زیادہ بر آمدات امریکا کو کی گئیں جو کہ 3 ارب ڈالر سے کچھ زائد رہیں ، چین کو ایک ارب 36 کروڑ ڈالرمالیت کی اشیا بر آمد کی گئیں ، قطر کو 42 کروڑ 60 لاکھ ڈالرجبکہ سعودی عرب کو 30 کروڑ ڈالر کی بر آمدات ریکارڈ کی گئیں۔پاکستان کا قطر سے در آمدی حجم زیادہ تر ایل این جی پر محیط رہا اور پاکستان 15 سالہ معاہدے کی بنا پر قطر سے ایل این جی در آمد کررہا ہے ، چین سے مشینری اور دیگر آلات کی در آمد نمایاں رہی جبکہ بر آمدات کے حوالے سے پاکستان سے امریکا کو ٹیکسٹائل مصنوعات کی بر آمد نمایاں رہی۔