بیجنگ(این این آئی)چین نے پاکستان اور افغانستان کے درمیان کشیدگی کو کم کرنے کے لیے ثالثی کردار ادا کرنے کی خواہش ظاہر کردی ہے اس سلسلے میں چینی وزیر خارجہ وانگ یی جلد ہی کابل کا دورہ کریں گے، جہاں وہ پاک،افغان تعلقات میں بہتری کے حوالے سے افغانستان کے حکام سے ملاقات کریں گے۔افغان اشاعتی ادارے کی ایک رپورٹ کے مطابق افغان صدر اشرف غنی کے دفتر سے جاری ہونے والے ایک بیان میں کہا گیا کہ چینی وزیر خارجہ وانگ یی جلد ہی کابل کا دورہ کریں گے، جہاں وہ پاک،افغان تعلقات میں بہتری کے حوالے سے افغانستان کے حکام سے ملاقات کریں گے۔مزید کہا گیا کہ چینی وزیر خارجہ ان ملاقاتوں کے دوران
چار فریقی کورآڈینیشن کمیٹی کے ارکان (افغانستان، پاکستان، امریکا اور چین) کے درمیان ملاقات کے امکانات پر بھی تبادلہ خیال کریں گے۔اپنے بیان میں اشرف غنی کا کہنا تھاکہ یہ پہلی مرتبہ ہے کہ چین افغان امن عمل میں بطور ثالث کردار ادا کرنا چاہتا ہے اور جلد ہی چینی وزیر خارجہ کابل کا دورہ کریں گے، پاکستان کے ساتھ امن ہمارا مطالبہ تھا اور اسے حکومتوں کے درمیان حل ہونا چاہیے۔واضح رہے کہ یہ پیش رفت ایک ایسے وقت میں ہوئی ہے جب 31 مئی کو کابل میں ہونے والے ٹرک بم دھماکے کے نتیجے میں 150 سے زائد افراد ہلاک اور سیکڑوں زخمی ہوگئے تھے۔افغان طالبان سمیت کسی بھی گروپ نے اس حملے کی ذمہ داری قبول نہیں کی۔