اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک)’’کپتان چپل‘‘کے بعد اب ’’ریحام چپل‘‘متعارف کروا دی گئی۔ تفصیلات کے مطابق پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان اکثر ایک خاص انداز کی پشاوری چپل پہنے دیکھے جاتے ہیں، کپتان کے مداحوں نے اس چپل کا نام’’کپتان‘‘رکھ دیا ہے
مگر اب ’’کپتان چپل‘‘ کے بعد خبر ہے کہ ’’ریحام چپل‘‘بھی متعارف کروا دی گئی ہے اور اسے کسی اور نے نہیں بلکہ عمران خان کی دوسری سابق اہلیہ ریحام خان نے متعارف کروایا ہے۔’’ریحام چپل‘‘اس وقت سامنے آئی جب ریحام خان پشاور میں اسٹریٹ چلڈرن کے ہمراہ افطار کے لیے آئیں تو انہوں نے کپتان چپل سے ملتی جُلتی چپل پہن رکھی تھی جس نے سب کی توجہ مرکوز کر لی۔ریحام خان کا کہنا ہے کہ وہ یہ چپل کافی عرصے سے پہن رہی ہیں کیونکہ انہیں مختلف امور کی انجام دہی کیلئے کافی چلنا پڑتا ہے لہٰذا میں یہ چپل استعمال کرتی ہوں جو کہ آرام دہ ہے۔ اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ریحام خان نے کہا کہ انہوں نے کپتان چپل کبھی نہیں پہنی اس موقع پر انہوں نے معنی خیز انداز میں مسکراتے ہوئے کہا کہ یہ ’’ریحام چپل‘‘ ہے۔اب دیکھنا یہ ہے کہ کیا کپتان چپل کے بعد پی ٹی اـٓئی کے ٹائیگر ریحام چپل کو بھی وہی قبولیت بخشتے ہیں جو انہوں نے کپتان چپل کو دی ہے۔