اسلام آباد(آئی این پی )ترجمان دفتر خارجہ نفیس زکریا نے بھارت کو خبردار کیا ہے کہ وہ کسی بھول میں نہ رہے اور پاکستان کی عسکری طاقت سے متعلق غلط فہمی میں مبتلا نہ ہو ،بھارت افغان سرزمین پاکستان کے خلاف استعمال کر کے پاک افغان تعلقات خراب کر رہا ہے ، بھارت کشمیری نوجوانوں کو ظلم وتشدد سے زیر کرنا چاہتا ہے ، گزشتہ ایک ہفتے میں تین طلباء سمیت 9کشمیریوں کو شہید کردیا گیا ۔
جمعرات کو ترجمان دفتر خارجہ کی جانب سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ ایک ہفتے میں 9کشمیریوں کو شہید کیا گیا ، شہداء میں 3طلباء بھی شامل تھے جبکہ 12کشمیری پیلٹ گنز کا نشانہ بنے ، عالمی برادری اور سلامتی کونسل بھارتی مظالم کا نوٹس لے ، بھارت کشمیری نوجوانوں کو ظلم وتشدد سے زیر کرنا چاہتا ہے ۔انہوں نے کہا کہ سید علی گیلانی کی اپیل پر کشمیری جمعہ کو یوم احتجاج منا رہے ہیں ، کشمیری کبھی بھی اپنے حق خودارادیت کی جدوجہد سے دستبردار نہیں ہوں گے ، بھارت خطے کے امن کو نقصان پہنچا رہا ہے اور مسلسل ایل او سی کی خلاف ورزی کررہا ہے ۔ نفیس زکریا نے کہا کہ بھارت کو خبردار کیا ہے کہ وہ کسی بھول میں نہ رہے اور پاکستان کی عسکری طاقت سے متعلق غلط فہمی کا شکار نہ ہو، بھارت افغان سرزمین پاکستان کے خلاف استعمال کر رہا ہے ۔انہوں نے کہا کہ بھارت پاک افغان تعلقات خراب کر رہا ہے جبکہ دہشت گردی سے پاکستان اور افغانستان دونوں ملکوں کو خطرہ ہے ۔