حضرت ابن عمرؓ فرماتے ہیں کہ میں جب جنگ یمامہ کے دن حضرت عبداللہ بن مخرمہؓ کے پاس آیا وہ زخموں سے نڈھال ہو کر زمین پر پڑے ہوئے تھے میں ان کے پاس جا کر کھڑا ہو گیا۔ انہوں نے کہا کہ اے عبداللہ بن عمرؓ کیا روزہ کھولنے کا وقت ہو گیا؟ میں نے کہا جی ہاں؟ انہوں نے کہا لکڑی کی اس ڈھال میں پانی لے آؤ تاکہ میں اس سے روزہ کھول لوں۔
حضرت ابن عمرؓ فرماتے ہیں کہ میں (پانی لینے) حوض پر گیا حوض پانی سے بھرا ہوا تھا۔ میرے پاس چمڑے کی ایک ڈھال تھی۔ میں نے اسے نکالا اور اس کے ذریعے حوض میں سے پانی لے کر (حضرت ابن مخرمہ رضی اللہ تعالیٰ عنہ) کی لکڑی والی ڈھال میں ڈالا اور پھر وہ پانی لے کر حضرت ابن مخرمہؓ کے پاس آیا، آ کر دیکھا تو ان کا انتقال ہو چکا تھا (انا للہ و انا الیہ راجعون)۔