اسلام آباد(آئی این پی )پاکستان الیکٹرانک میڈیا ریگولیٹری اتھارٹی (پیمرا)نے اتھارٹی کی اجازت کے بغیر غیر ملکی چینلز کی نشریات دکھانے پر ریکارڈر ٹیلیوژن نیٹ ورک پرائیویٹ لمیٹڈ(آج ٹی وی )کو اظہار وجوہ نوٹسزجاری کئے ہیں اورچینل انتظامیہ سے سات یوم یعنی 12جون 2017 ء دوپہر بارہ بجے تک جواب طلب کر لیا ہے۔ آج ٹی وی پر ہفتے میں پانچ روز یعنی پیر تا جمعہ گیارہ بجے رات بی بی سی کا پروگرام ’سیر بین‘ اور شام ساڑھے سات بجے وائس آف امریکہ کا ’ویو 360‘ نشر ہوتے ہیں ۔
غیر ملکی نشریات دکھانے کا یہ اقدام پیمرا آرڈیننس 2002(ترمیمی ایکٹ 2007)کی سیکشن20(i)کی صریحاً خلاف ورزی ہے۔ مذکورہ قانون کے مطابق کوئی بھی لائسنس ہولڈر اتھارٹی کی اجازت کے بغیر اپنے نشریاتی حقوق کسی دوسرے میڈیا ہاؤس (چینل) کو فروخت ، منتقل یا سونپ نہیں کر سکتا ۔ ریگولیٹر نے مذکورہ خلاف ورزی پر میسرز ریکارڈر ٹیلیوژن (آج ٹی وی) کے نمائندے کو 12جون 2017 ء دوپہر بارہ بجے تک ذاتی شنوائی کیلئے طلب کر لیا ہے عدم پیروی کی صورت میں یکطرفہ کاروائی کی جائیگی۔