اسلام آباد (آن لائن)عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید احمد نے کہاہے کہ سپریم کور ٹ کے معزز جج جسٹس عظمت سعید نے قوم کے دل کی بات کہی ہے قوم جسٹس عظمت کو سلام پیش کرتی ہے ،عدلیہ اورحکومت کے درمیان بہت بڑاخلاء پیداہوگیاہے،جمعہ کے روز پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شیخ رشید احمد نے کہا کہ جب کسی حکومت کے برے دن آتے ہیں تو اس کے حالات ہوتے پیداہوتے ہیں
اور حکومت بے وقوفی میں ایسے ہی بیان دینا شروع کردیتی ہے،انہوں نے کہا کہ نہال ہاشمی کا معاملہ ڈان لیکس،پاناما لیکس سے بھی بڑاہے،اداروں کے درمیان ٹکراؤ شروع ہو جائے تو ایسے حالات میں جو کچھ ہوتا ہے سب کوپتہ ہے۔شیخ رشیدنے کہا کہ سپریم کورٹ کے معزز جج نے گزشتہ روز جو حکومت کے بارے میں ریمارکس دیئے ہیں وہ قوم دل کی آوازہے ،پوری قوم جسٹس عظمت کو سلام پیش کرتی ہے ،انہوں نے کہا کہ جس کو پتہ نہیں تھا ان کو بھی پتہ چل گیاہے کہ شریف برادران مافیاہیں ،ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہاکہ گزشتہ روز عمران خان سے ملاقات مثبت رہی ہے اور آئندہ کی حکمت عملی پر غورو غوض کیاگیا انہوں نے کہا کہ عید کے بعد حکومت کے خلاف فائنل راؤنڈ کھیلنے جارہے ہیں یہ فائنل راؤنڈ صرف اور صرف سڑکوں پر کھیلا جائیگا۔