اسلام آباد(آئی این پی )پاکستان نے بھارتی آرمی چیف کے بیان کی شدید مذمت کرتے ہوئے اسے ظالمانہ قرار دیاہے اور کہا ہے کہ کرنل (ر) حبیب کے حوالے سے کوششیں جاری ہیں اور اس حوالے سے بھارتی حکومت سے رابطہ کرلیاگیا ہے کہ وہ کرنل (ر)حبیب سے متعلق معلومات پر معاونت کرے لیکن اس کی جانب سے کوئی جواب نہیں آیا۔ منگل کو ترجمان دفتر خارجہ نفیس ذکریا نے بھارتی آرمی چیف کے بیان کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ بھارتی آرمی چیف
کا کشمیریوں کو انسانی ڈھال کے طور پر ستعمال کرنے کا بیان درست نہیں ، ہیومن رائٹس نے بھارتی آرمی چیف کے بیان کو ظالمانہ اقدام قراردیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں بڑے پیمانے پر تحریک شروع ہوچکی ہے ، بھارتی ریاستی دہشت گردی سے نہتے کشمیریوں کو شہید کیا جا رہا ہے نفیس زکریا نے کہا کہ کرنل (ر)حبیب کے حوالے سے کوششیں جاری ہیں اس حوالے سے بھارتی حکومت سے بھی رابطہ کیا ہے لیکن اس نے کوئی جواب نہیں دیا ۔واضح رہے کہ کرنل (ر) حبیب ظاہر کی گمشدگی کے معاملے کو کلبھوشن یادیو کی پاکستان میں گرفتاری سے جوڑاجارہاہے ۔