اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک) پاکستان میں لوڈ شیڈنگ ان دنوں بے انتہا عروج پر ہے ۔ ملک بھر میں احتجاج جاری ہے اور عوام رمضان شروع ہونے کے باوجود بھی بجلی کی قلت کا شکار ہیں ۔ تازہ ترین میڈیا رپوٹس کے مطابق ملک بھر میں جاری لوڈ شیڈنگ کے خلاف احتجاج میں ن لیگ کی قیادت بھی
اپنی حکومت کے وعدوں اور دعوں سے اس قدر تنگ دکھائی دیتی ہے کہ وہ تحریک انصاف سے جا ملی ہے اور ان کے احتجاج میں ان کے ساتھ شامل ہو گئی ہے ۔تفصیلات کے مطابق کے پی کے شہر ڈی آئی خان میں تحریک انصاف کی جانب سے بجلی کی لوڈ شیڈنگ کیخلاف احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔ مظاہرے میں تحریک انصاف کے رہنماوں، کارکنوں اور عوام کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ جبکہ احتجاج میں غیر متوقع طور پر حکمراں جماعت ن لیگ کے مقامی قیادت اور کارکن بھی شریک ہو گئے۔ مظاہرین کی جانب سے بجلی کی ظالمانہ لوڈ شیڈنگ پر شدید احتجاج کرتے ہوئے وفاقی حکومت کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا گیا۔