حضرت ربیع بن خثیم مشہور تابعی ہیں، ان کے زہد و تقویٰ اور دنیا سے بے رغبتی کے یادگار واقعات تاریخ کی کتابوں میں بکثرت پائے جاتے ہیں، ایک مرتبہ ان پر فالج کا حملہ ہوا، صاحب فراش ہو گئے، انسان بیمار ہو تو خواہشات کا نخل ہرا ہو جاتا ہے، انہیں مرغی کا گوشت کھانے کی خواہش ہوئی، چالیس دن تک اس کا اظہار نہیں کیا، اس کے بعد بیوی سے کہہ دیا، انہوں نے مرغی منگوائی،
عمدہ پکائی، آپ کے سامنے پیش کی، ابھی آپ نے ہاتھ بڑھایا ہی تھا کہ دروازے سے فقیر نے خیرات کی صدا لگائی، آپ نے ہاتھ کھینچا، اہلیہ سے فرمایا ’’یہ فقیر کو دے آؤ‘‘ اہلیہ نے کہا ’’میں فقیر کو اس سے بہتز چیز دے آتی ہوں‘‘ فرمایا ’’وہ کیا؟‘‘ کہنے لگیں ’’اس کی قیمت‘‘ فرمایا ’’بہت خوب، قیمت لے آؤ‘‘ وہ قیمت لے آئیں تو آپ نے فرمایا ’’یہ کھانا اور قیمت دونوں اس فقیر کو دے آؤ‘‘۔