مشہور صحابیہ حضرت ام ایمنؓ کا نام برکتہ بنت ثعلبہ ہے، ایمن آپ کا بیٹا تھا جو آپ کے پہلے شوہر عبید بن زید سے پیدا ہوا، ایمن کو حضور اقدسﷺ کی صحبت کی سعادت اور غزوہ خیبر میں شرف شہادت حاصل ہے،
عبید بن زید کے بعد حضرت ام ایمنؓ نے رسول اللہﷺ کے منہ بولے بیٹے اور مشہور صحابی حضرت زید بن حارثہ سے نکاح کیا اور ان سے حضرت اسامہؓ پیدا ہوئے، حضرت ام ایمن نے چونکہ حضور اقدسﷺ کی پرورش کی تھی اس لئے آپ وقتاً فوقتاً حضرت ام ایمن کے ہاں تشریف لے جایا کرتے تھے، جب آپﷺ کی وفات ہوئی تو حضرت صدیق اکبرؓ نے فاروق اعظمؓ سے کہا کہ رسول اللہﷺ حضرت ام ایمن کے ہاں تشریف لے جایا کرتے تھے، چلئے آج ہم بھی ان کے ہاں چلتے ہیں، جب یہ دونوں حضرات ان کے گھر داخل ہوئے تو حضرت ام ایمن رونے لگیں، انہوں نے کہا کہ ’’آپ کیوں رو رہی ہیں؟ اللہ کے ہاں اپنے رسول کے لئے جو کچھ ہے وہ اس دنیا سے بہتر ہے‘‘ فرمانے لگیں، میں اس لئے نہیں رو رہی ہوں کہ آپ کی وفات ہو گئی ہے بلکہ اس لئے رو رہی ہوں کہ وحی آسمانی کا سلسلہ منقطع ہو گیا‘‘۔ یہ سن کر حضرت صدیقؓ اور حضرت فاروقؓ بھی رونے لگے۔