لاہور(آئی این پی) محکمہ ایکسائز نے سرکاری و نیم سرکاری گاڑیوں کی نمبر پلیٹس ختم کرنے کا فیصلہ کر لیا۔محکمہ ایکسائز نے سیف سٹی کی سفارشات منظور کرتے ہوئے گاڑیوں کی سرکاری و نیم سرکاری نمبر پلیٹس ختم کرنے کی سمری وزیر اعلی پنجاب میاں محمد شہباز شریف کو بھجوا دی، محکمہ ایکسائز کا کہنا ہے کہ سرکاری ونیم سرکاری گاڑیوں کی نمبر پلیٹس بھی سفید رنگ کی ہوں گی،
سرکاری نمبر پلیٹس پر چھوٹی سی گرین رنگ کی پٹی ہوگئی جبکہ نیم سرکاری نمبر پلیٹ پر نیلے رنگ کی پٹی ہوگی۔ کار کی نمبر پلیٹ کی چوڑائی 325 ملی میٹر اور لمبائی 152 ملی میٹر ہوگی جبکہ موٹر سائیکل کی نمبر پلیٹ رکشے کی نمبر پلیٹ کے برابر ہوگی جس کی چوڑائی 220 ملی میٹر اور لمبائی 150 ملی میٹر ہوگی. سیف سٹی پراجیکٹ کے کیمروں میں ہندسے واضح نظر نہ آنے پر نمبر پلیٹس تبدیل کرنے کا فیصلہ کیا گیا تھا۔